اسلام آباد،8اگست(اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کے تعاون سے جمعرات کو انفارمیشن سروس اکیڈمی میں پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں کوئز شو کا انعقاد کیا۔
یوم آزادی کوئز شو کی تقریب میں اسلام آباد ماڈل کالجز کے انٹرمیڈیٹ سطح کے طلباء و طالبات شامل تھیں جبکہ مہمان خصوصی انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل محمد ارشد منیر تھے۔
تین لڑکیوں اور تین لڑکوں کی ٹیم پر مشتمل طلبہ کی 6 ٹیموں نے کوالیفائنگ راﺅنڈ میں شرکت کی جن میں سے تین ٹیموں نے فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا، اس دلچسپ مقابلے میں اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین (پوسٹ گریجویٹ) ایف 10/2 نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو ٹرافیاں، نقد انعامات، تعریفی سرٹیفیکیٹس اور ایوارڈز تقسیم کئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انفارمیشن سروس اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل محمد ارشد منیر نے دلچسپ اور پرجوش کوئز شو کے انعقاد پر انفارمیشن سروس اکیڈمی کی انتظامیہ کو سراہا اور مبارکباد دی۔تقریب میں وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر افسران، انفارمیشن سروس اکیڈمی فیکلٹی، عملے، اساتذہ، طلبہ اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔