وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی زیر قیادت وفد کی ملاقات

6

اسلام آباد، یکم اگست  (اے پی پی ): وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی زیر قیادت 5 رکنی وفد نے جمعرات  کو  یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں  ملاقات کی ۔وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اسکاٹ لینڈ کو پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے سماجی، اقتصادی اور جمہوری اداروں کے لیے دولت مشترکہ کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں وزیر اعظم نے مشترکہ دلچسپی کے امور بالخصوص نوجوانوں کو بااختیار بنانے، بہتر گورننس اور موسمیاتی تبدیلی پر دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون کی حکومت کی خواہش کا اعادہ کیا۔

سکریٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سرکاری محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور براہ راست پیش رفت جاننے کے لیے کامن ویلتھ کے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی پیشکش اور پاکستان کو کامن ویلتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کنسورشیم (CAIC) میں شمولیت کی بھی دعوت دی۔

وزیراعظم شہباز  شریف نے پاکستان کے سرکاری شعبے میں گورننس اور شفافیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے کامن ویلتھ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کا جائزہ لینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کامن ویلتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کنسورشیم میں شمولیت کی دعوت کا بھی خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کو پاکستان اور کامن ویلتھ کی مشترکہ ترجیح قرار دیا اور کہا کہ پاکستان باکو میں آئندہ  کوپ 29کے موقع پر پاکستان جیسے موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے دوچار ممالک کے لیے مزید بین الاقوامی تعاون کو متحرک کرنے کیلئے کامن ویلتھ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

 سکریٹری جنرل اسکاٹ لینڈ نے سیلاب کے بعد کی تعمیر نو کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ عالمی برادری پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کیلئے  مزید تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سکریٹری جنرل اسکاٹ لینڈ کو تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں کامن ویلتھ کے امور کو کامیابی سے چلانے پر مبارکباد دیتے ہوئے انکے پاکستان میں کامیاب اور نتیجہ خیز قیام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

ملاقات میں چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔