وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت  پر صوبہ بھر میں ملاوٹی دودھ سے نجات کی خصوصی مہم جاری

15

لاہور، 7 اگست (اے پی پی): وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ملاوٹ سے پاک دودھ، صحت محفوظ مہم کے تحت لاہور کے پوش علاقے گلبرگ ٹو اور تھری میں واقع ڈیری شاپس کا معائنہ کیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ڈیری سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ متعدد دوکانوں سے دودھ، دہی کا معیار چیک کیا،  بلال یاسین نے کہا کہ 20 ملک شاپس کی چیکنگ کی جس پر 8 کو جرمانے عائد کئے جبکہ 11 کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ وزیر خوراک پنجاب نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں مجموعی طور پر 1085 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ گندے فریزر، بدبودار لکڑی سٹکس کے استعمال اور صفائی کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا۔ بلال یاسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر صوبہ بھر میں ملاوٹی دودھ سے نجات کی خصوصی مہم میں تیزی لائی گئی ہے، شہری اپنے گھروں میں استعمال ہونیوالے دودھ کی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفاتر سے مفت ٹیسٹنگ  کروائیں، انھوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں مفت دودھ ٹیسٹ کروائے جا سکتے ہیں۔

 صوبائی وزیر خوراک نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری جعلی و ملاوٹی دودھ فروخت کرنیوالے عناصر کی 1223 ٹال فری نمبر پر شکایات درج کروائیں۔