وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے  متحدہ عرب امارات  کے سفیر کی ملاقات

11

راولپنڈی،1اگست(اے پی پی):وزیر دفاع و دفاعی پیداوار خواجہ محمد آصف سے  متحدہ عرب امارات  کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات  کی جس دوران  باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا  ۔

وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور تبدیلی کے لیے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے صدر اور سپریم کمانڈر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے وژن اور کوششوں کو سراہا۔خواجہ محمد آصف نے  کہا  کہ پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات کی ترقی کے لیے مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز کردار ادا کر رہے ہیں۔

وفاقی  وزیر خواجہ محمد آصف  نے کہا کہ پاکستان سول اور دفاعی شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں   نے  کہا کہ مسلح افواج کے درمیان موجودہ تعاون کو بڑھانے کے لیے تعاون کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں گنجائش بڑھانے کے لیے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے کمرشل/سول ایوی ایشن سیکٹر سے متعلق امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔