اسلام آباد،2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کابینہ نے لاپتہ افراد کے خاندانوں کیلئے 50 لاکھ فی کس امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔
جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اسی سوچ کے تحت لاپتہ افراد کے متاثرین کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک میکنزم کے تحت لاپتہ افراد کے 2 ہزار کیسز کو شارٹ لسٹ کیا گیا جس میں سے پانچ سال پرانے ایک ہزار کیسز کو پہلے لیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، ان مسائل کے حل کیلئے سفارشات کی منظوری دی گئی جس میں نادرا، بینک اکائونٹس اور جائیداد کے مسائل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں لاپتہ افراد کے لواحقین کیلئے 50 لاکھ روپے فی کس امدادی پیکیج کی بھی منظوری دی گئی، اس کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان خاندانوں کے کیسز کا جائزہ لے گی۔