ٹنڈومحمدخان ۔ 07 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان دھرمو باوانی نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز 15 روز کے دوران فوری طور پر بینک سے لیا قرض واپس کردیں، بصورت دیگر لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفیس میں زرعی ترقیاتی بینک و ریونیو افسران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کہی، ڈپٹی کمشنر دھرمو باوانی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان میں زرعی ترقیاتی بینک کے تمام اکاؤنٹ ہولڈرز کو اپنے بقایاجات جمع کرانے کے لیے 15 روز کی مہلت دی جاتی ہے، اس کے بعد کسی بھی بقایاجات ہولڈرز کو مہلت نہیں دی جائے گی، ان کے خلاف لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت کارروائیاں کرتے ہوئے قرضوں کی واپسی کو سو فیصد ممکن بنایا جائے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے زرعی ترقیاتی بینک کے ریجنل مینیجر سمیت دیگر سے کہا کہ ڈفالٹر اکاؤنٹ ہولڈرز کی دیھ کی سطح پر فہرست فراہم کی جائے تاکہ ان کی نشاندہی کرکے جلد ریکوری کو ممکن بنایا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ بقایاجات کی وصولی کے لیے تحصیل کی سطح پر ٹیمیں بنائی جائیں گی جو متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں کام کریں گی، مذکورہ حوالے سے پولیس ڈیپارٹمنٹ سے بھی مدد لی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تمام بقایاداروں کی فہرست شائع شدہ پینافلیکس تیار کروانے کے بعد متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر اور مختیارکار کے دفاتر میں نصب کیے جائیں تاکہ یہ پیغام ان تک پہنچ سکے ۔