پارلیمنٹ سپریم ادارہ اور اسے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا  نیوز کانفرنس سے خطاب

10

اسلام آباد ، 7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور اسے قانون سازی کا اختیار حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بدھ  کواسلام آباد میں  نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔

انہوں نے کہا کہ منگل کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کردہ ‘انتخابات (دوسری ترمیم) بل 2024’ نے پہلے سے موجود اصول کو مستحکم کر دیا ہے جس کے تحت آزاد امیدواروں کو ایک مخصوص مدت کے اندر پارٹی میں شامل ہونا ضروری تھا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ نے قانون سازی کے ذریعے اس اصول کو قانون میں تبدیل کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے بلال کیانی نے قومی اسمبلی اور سینیٹر طلال چوہدری نے سینیٹ میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا،الیکشن ایکٹ کا بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے کثرت رائے سے منظور ہوا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلور کراسنگ کے حوالے سے آئین و قانون واضح ہیں۔رولز کے تحت آزاد امیدوار کو تین روز کے اندر کسی بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ہوتی ہے۔وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ کیا آزاد امیدواروں کی جانب سے مخصوص پارٹی میں شامل ہونے کے لیے جمع کرائے گئے حلف نامہ کو منسوخ کیا جا سکتا ہے؟ ۔انہوں نے کہا کہ قانون اور آئین کے تحت فلور کراسنگ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیا بیان حلفی جمع کرانے کے بعد رکن کی پارٹی تبدیل کرائی جا سکتی ہے؟ ۔وزیر اطلاعات نے سپریم کورٹ کے دو ججز کے اہم نکات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی سوال اٹھایا گیا کہ 15 دن گزرنے کے بعد بھی تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک ایسی پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس کا پارلیمان میں وجود ہی نہیں تھا۔

 وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ متناسب نمائندگی کے لئے ضروری ہے کہ ہر سیاسی جماعت مخصوص نشستوں کے لئے اپنے امیدواروں کی فہرستیں آویزاں کرتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ بات چیت کا ایک اور دور آج ہوگا، اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ معاملات کو کسی نتیجے پر پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کا ایجنڈا ہے۔

بنگلہ دیش کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کی  عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے بنگلہ دیش کے عوام کی لچک اور حوصلے کی تعریف کی۔

شیخ حسینہ واجد اور پی ٹی آئی کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں نے غیر ملکی مداخلت کی کوشش کی، تقسیم کی سیاست پر یقین رکھتے تھے اور کرپشن میں ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد نے اس ملک بھارت سے مدد مانگی جو غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے۔