مظفرآباد ، 05 اگست (اے پی پی ): وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ 05 اگست کا دن کشمیریوں کی تاریخ میں سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ فوج کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔
یوم استحصال کے موقع پر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو مودی نے ہندوتوا فلسفے کو آگے بڑھاتے ہوئے ریاست کی حیثیت ختم کردی، مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں دبا سکی۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مودی کے ظلم و جبر نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے، ہندوستان کی 10 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم وستم ڈھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اس وقت نہ تو مسلمان محفوظ ہیں اور نہ ہی کوئی دوسری اقلیت محفوظ ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مضبوط اور روشن پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ضامن ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام کا کشمیریوں کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔