اسلام آباد،05 اگست(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت نے انسانی حقوق کی پامالی کی ایک بد ترین مثال قائم کی،آج کے دن بھارتی پارلیمینٹ نے اپنے ہی آئین کو روندتے ہوئے جنت نظیر کشمیر کو ہڑپ کر لیا۔
یوم استحصال کشمیر پر اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ کشمیر کی خود مختار حیثیت بھارت کے بانی رہنماؤں نے 1947 سے دے ركهى تهى، مودی نے سفاکیت کی تمام حدیں پار کردیں ، یہ سب نااہل عمرانی حکومت کے ہوتے ہوئے ہوا، اُس وقت کے حکمران اپنی نا اہلی کی وجہ سے آواز بھی نہ اُٹھا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور ہی کشمیر کی آزادی سے جڑا ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر حل ہونے تک ہر پلیٹ فارم پر اجاگر کرتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ پانچ اگست کے سیاہ ترین اقدام سے بھارت کشمیر کی بند گلی میں بری طرح پھنس چکا ہے،بلا شبہ بھارت کا یہ اقدام اس کا یوم حساب بن کر رہے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پر امن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے اور خطے کے امن و بقا کےلئے مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کے امنگوں کےمطابق ہونا نا گزیر ہے۔