اسلام آباد،04 اگست (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کے خلاف کل یوم استحصال منایا جائے گا،5 اگست جموں کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، بھارت نے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔
حریت رہنماؤں کے ساتھ اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، ہم مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کو رکوانے میں کردار ادا کریں، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت نے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے،مسئلہ کشمیر پر تمام جماعتوں اور عوام کو اکھٹے ہو کر آواز اٹھانی ہے اور دنیا بھر میںمقیم پاکستانی اور کشمیری اس مسئلہ پر آواز اٹھائیں۔
اس موقع پر کنوینر آل پارٹیز حریت کانفرنسغلام محمد صفینے کہا کہ کشمیر اور فلسطین حل طلب مسئلے ہیں اور دنیا میں امن کے لیے عالمی برادری کو اس پر کردار ادا کرنا چاہیے۔