اسلام آباد،8اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ترکیہ اورپاکستان کے مابین بھائی چارے اورتعاون پر مبنی دوستانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، ہم ترکیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ سرمایہ کاری اور بزنس کا فروغ چاہتے ہیں۔
آج پاکستان ترکیہ بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ باہمی معاشی اور مشترکہ کاروباری معاہدوں میں جڑے ہوئے ہیں، ترک کمپنیاں پہلے ہی پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں فعال انداز میں کام کر رہی ہیں ، ترکیہ سے بزنس کمیونٹی کی یہ دلچسپی خوش آئندہے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہو گا۔
وفاقی وزیر نے ترکیہ کے اداروں کی پاکستان آمد و تجارتی سرگرمیوں میں دلچسپی کا خیر مقدم کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ترکیہ کے ساتھ برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کا فروغ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں کو آئی ٹی، سیاحت، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں مزید مواقع دیں گے اس کے علاوہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہم غیر ضروری کارروائیوں اور درپیش رکاوٹوں کو دور کر رہے ہیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر تجارت پروفیسر ڈاکٹر عمر بولات نے کہا کہ پاکستان سے ترکیہ معاشی اور کاروباری شراکت کا نیا آغاز کر رہا ہے اور پاکستان سے ہر ممکن تعاون کو ہر حال میں یقینی بنائے گا۔