پاکستان حق خودارادیت کے لئے برسر جدوجہد کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، اسحاق ڈار

13

اسلام آباد، 5 اگست (اے پی پی): نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کے لئے برسر جدوجہد کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوۓ کہا ہے کہ کشمیری عوام کے خلاف کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں، پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے، بھارت نے آج سے 5 سال قبل اپنے آئین میں ترمیم کرکے جو کام کیا وہ خود ایک غیر آئینی اقدام ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اگر بھارت اتنا ہی جمہوریت کا دعوےدار ہے تو وہ جموں و کشمیر میں فوری طور پر رائے شماری کرانے کا اعلان کرے، بھارتی مظالم اور غیر آئینی اقدامات کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، بھارت کے غیر آئینی اقدامات کا مقصد ڈیموگرافی میں تبدیلی عمل میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کی طرح غزہ کے مسلمانوں، جہاں 40 ہزار افراد شہید ہوچکے ہیں، کے لئے بھی ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔

 نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن پاکستان کے ساتھ شامل ہوکر رہے گا۔