پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے؛ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

10

اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے  کیلئے  اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کروائی جائے، پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔

 وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر  دفتر خارجہ سے ڈی چوک  تک ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کی۔

اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ریلی میں شرکت کرنے والے خواتین و حضرات کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم بیدار ہے اور کشمیریوں کے ساتھ ہے،  وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت پر چاروں صوبوں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی اقدام ہر کشمیری اور پاکستانی نے مسترد کیا ہے ،کشمیریوں کو ان کا حق ملنے تک کشمیر ایشو زندہ رہے گا، پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔