لاہور، 3 اگست(اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی یافتہ ممالک جیسا صفائی کا نظام لانا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعلی مریم نواز شہروں اور دیہات میں صفائی کا یکساں، معیاری نظام چاہتی ہیں، شہریوں کے تعاون سے وزیراعلی کے صفائی ماڈل کو کامیاب بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ای اوز ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پنجاب بھر میں صفائی کا نظام آؤٹ سورس کرنے کے نظام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نجی کمپنیوں کو وزیراعلی مریم نواز شریف کے مقرر کردہ اہداف سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر بلدیات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آوٹ سورسنگ کا مقصد شہریوں کو صفائی کی موثر اور دیرپا سہولت مہیا کرنا ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ میں چیلنجز ہوسکتے ہیں، ایک دفعہ سسٹم بن گیا تو پھر آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نجی کمپنیوں کو ہر موڑ پر سہولیات دیں گے جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ تمام معاملات کی نگرانی کریگا۔
صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا کہ معمولی فیس کے عوض بہترین خدمات ملنے سے شہریوں کو مستقل آسانی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ صفائی کا ایسا نظام وضع کرنا چاہتے ہیں جو مستقبل میں بھی برقرار رہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ فیس کولیکشن کا نظام بالکل آسان اور عوام دوست رکھا جائے۔
سیکرٹری بلدیات، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی اور نجی کمپنیوں کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔