اسلا آباد ، 05 اگست ( اے پی پی): پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیر کے موضوع پر تصویری نمائش، پتلی تماشہ اور دستاویزی فلم شامل تھیں۔
پی این سی اے میں یوم استحصال کشمیر ،وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے زیر اہتمام منایا گیا جس کا مقصد نوجوانوں، بچوں اور طالب علموں کو مسئلہ کشمیر پر آگاہی دینا تھا اور 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرنا تھا۔
تصویری نمائش میں کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت کی عکاسی کی گئی جبکہ پتلی تماشہ میں کشمیریوں کی تحریک آزادی پر روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر کنوینر آل پارٹیز حریت کانفرنس، غلام محمد صفی نے کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اقوام متحدہ، عالمی برادری، یورپی یونین اور دیگر عالمی ادارے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔