قصور،01اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی کا شدید بارش میں شہر کا دورہ،نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بلدیہ چوک، مسجد نور، پرانا لاری اڈا، چاندنی چوک، نیشنل بینک چوک، شہباز روڈ، سٹیل باغ چوک، نور محل چوک سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیااورتمام اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی،ضلع بھر میں بارشی پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیا اور بارش کے پانی کے نکاس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی نے کہا کہ سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے بلا تعطل کام کیا جائے،اسسٹنٹ کمشنرز اورمتعلقہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹیز بارش کے پانی کی نکاسی تک فیلڈ میں موجود رہیں، گلی محلوں اور سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنرقصورنے کہا کہ صبح 9بجے تک تحصیل قصور میں 78ایم ایم، تحصیل کوٹ رادھاکشن میں 63ایم ایم، چونیاں میں 24ایم ایم جبکہ پتوکی میں 26ایم ایم بارش ہوئی ہے،نکاسی آب کیلئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹیوں کا عملہ فیلڈ میں متحرک ہے،ضلع بھر میں بارش کے نکاسی آب کے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔