ڈیرہ اسماعیل خان ؛ یوم شہداء پولیس، آر پی اوناصر محمودستی نے یادگار شہداء پولیس پر سلامی دی

9

ڈیرہ اسماعیل خان ،04 اگست (اے پی پی ): یوم شہداء پولیس کی مناسبت سے شہدائے پولیس کو  خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اعجاز شہید پولیس لائنز میں پروقار تقریب منعقد  ہوئی ،ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ ناصر محمودستی نے یادگار شہداء پولیس پر سلامی دی اور شہدائے پولیس کے درجات کی  بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

 بعد ازاں سلامی پولیس لائنز ڈیرہ میں شہداء پولیس کے سلسلے میں پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا۔تقریب میں ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمودستی،ایکٹنگ سیشن جج میاں محمود،ایڈیشنل سیشن جج جمیل خان،ڈی پی او ڈیرہ ناصرمحمود،پاک فوج کے افسران،ایس پیز انوسٹیگیشن، سی ٹی ڈی، سٹی،صدر،ایس ڈی پی اوز،لواحقین شہداءپولیس و غازیان پولیس،علماء کرام، انجمن تاجران سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے حضرات نے شرکت کیں۔

تقریب میں شہدائے پولیس خراج تحسین پیش کرنے کے لیے شہید اور غازیان پولیس کے بچوں نے نعت، ملی نغمے اور تقریریں کیں۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمودستی نے کہا کہ  اسلام میں اللہ تعالٰی نے جو مقام شہید کو دیا ہے وہ کسی کو بھی حاصل نہیں ہے، شہید کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اس کی  بخشش کر دی جاتی ہےاور شہداء پولیس کی فیملیز کو صابرین کہا گیا ہے،آپ کو دیکھ کر ہماری فورسز کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔

ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمودستی  نے کہا کہ پولیس شہداء ہمارے قومی ہیروز ہیں ملک اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے شہدائے پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، موجودہ کٹھن حالات میں ہم اُن کو نہیں بھولے، شہدائے پولیس ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے، اُن کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ  خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف ملکی بقاء اور سلامتی کی خاطر اپنے لہو کا نذرانہ پیش کر کے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی،شہدائے پولیس ہمارا فخر ہیں جن کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہے،شہداء آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔

آخر میں آر پی او ڈیرہ ناصر محمودستی اور ڈی پی او ڈیرہ ناصرمحمود کے سر سبز پاکستان کے حوالے سے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پولیس لائنز ڈیرہ میں شہداء پولیس کے بچوں کے ہمراہ پودا بھی لگایا۔