کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ، نجکاری پروگرام (2024-29) کے لیے 24 اداروں کی منظوری

26

اسلام آباد،02 اگست (اے پی پی ):  کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس نائب وزیراعظم و  وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں  منعقد ہوا۔اجلاس میں نجکاری پروگرام (2024-29) کے لیے 24 اداروں کی منظوری دی  گئی ۔

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000 کے سیکشن 5(بی)کے مطابق پی سی بورڈ کی سفارشات کی بنیاد پر وزارت نجکاری کے ذریعے مرحلہ وار نجکاری پروگرام (2024-29) پیش کیا گیا ۔ کمیٹی نے  نجکاری پروگرام (2024-29) کے لیے 24 اداروں کی منظوری دیتے ہوئے، فیصلہ کیا کہ نجکاری پروگرام میں دیگر ریاستی ملکیتی کاروباری  اداروں (SOEs) کو شامل کرنے کا فیصلہ کابینہ کی کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی کاروباری اداروں (CCoSoEs) کی جانب سے اسٹریٹجک/ کی درجہ بندی کے حوالے سے جائزہ کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔   جن اداروں  کی  اسٹریٹجک یا ضروری کے طور پر درجہ بندی نہیں کی  گئی ہے ان  کی  پروگرام میں شمولیت کے بارے میں فیصلے کے لیے   کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے سامنے رکھا جائے گا۔

 سی سی او پی نے نجکاری کمیشن کے پاس پڑے او جی ڈی سی ایل کے حصص کو خودمختار دولت فنڈ یا وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کو منتقل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا۔   اس کے علاوہ   کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے مالی سال 2024-25 کے لیے کمیشن کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دی۔

 اس موقع پر چیئرمین سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے   کہا کہ  نجکاری پروگرام کو شفافیت، کارکردگی اور مکمل حکومتی نقطہ نظر کے ساتھ نافذ کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔  انہوں نے پروگرام کے نفاذ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی حمایت اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں  کمیٹی کے اراکین بشمول وزیر خزانہ، وزیر نجکاری، وزیر تجارت، وزیر بجلی، وزیر صنعت و پیداوار، وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات کے علاوہ مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے وفاقی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔