کراچی؛مزار قائد پر کشمیر یوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال ریلی

9

کراچی،05 اگست (اے پی پی):سندھ حکومت نے بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں و کشمیر  کی خصوصی حیثیت ختم کر نے کے بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف یوم استحصال منایا ،اس موقع پر کراچی انتظامیہ نے صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کی قیادت میں پیپلز چورنگی سے مزار قائد تک کشمیر یوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم استحصال ریلی  کا انعقاد کیا۔

ریلی میں وزیر اعلی سندھ کے سپیشل اسسٹنٹ وقار مہدی ،راجویر سنگھ ،کمشنر کراچی سید حسن نقوی مختلف محکموں کے سیکرٹریز تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام اسسٹنٹ کمشنرز  اور تمام ضلعی انتظامیہ کا عملہ محکمہ تعلیم کے افسران اساتذہ اور سکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزار قائد پر واک کے اختتام کے بعد  شرکا سے صوبائی وزیر ناصر  حسین شاہ اور کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے  خطاب کیا ۔ناصر حسین شاہ نے کشمیریوں  کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر نے کے بھارت کے اقدام کو غیر قانونی اور اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے فیصلوں کی صریحا خلاف ورزی قرار دیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیر کی جدوجہد آزادی میں ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ رہے ہیں اور ان کی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

کمشنرکراچی سید حسن نقوی نے خطاب میں کہا کہ یوم استحصال ریلی اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت کے فیصلہ کو تسلیم نہیں کرتے اور اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے حق استصواب راے کی حمایت کرتے رہیں گے۔