گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے فیڈرل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وفد کی  ملاقات

14

پشاور،2 اگست (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے فیڈرل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وفد نے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاداحمدخان کی قیادت میں جمعہ کو یہاں  گورنرہاؤس میں  ملاقات کی۔ وائس چانسلر کے ہمراہ ڈاکٹرارسلان ،او آر آئی سی اور کوالٹی ایشورنس کی ٹیم بھی موجودتھی۔

فیڈرل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر نے گورنر کو صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے ساتھ کئے گئے ایم او یو پر تفصیلی بریفنگ دی۔وائس چانسلر نے صوبے میں ہیلتھ سے متعلق ہائرایجوکیشن کو بہتربنانے کیلئے اپنی خدمات اور مستقبل کے پلان سے متعلق بھی گورنر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایاکہ محکمہ صحت الائیڈہیلتھ سائنسز کے تحت ٹیکنیکل ایجوکیشن کے سلسلے میں خیبرپختونخوا کے 30 طلباءوطالبات کو فل سکالرشپ فراہم کرے گا،فل اسکالر شپس میں پیرا میڈیکس ہیلتھ ٹیکنیشن کورسز میں طلبہ کو مکمل فیس معافی کے ساتھ مفت  رہائش بھی فراہم کی جائے گی ۔اسکالر شپس کے تحت آئندہ ماہ ستمبر میں مفت  ڈگری کورسز کروائے جائیں گے جس کا سارا طریقہ کار گورنرہاوس/گورنرآفس طے کرے گا۔

بریفنگ میں بتایاگیاکہ آئندہ برس سے ہر سال ضم اضلاع سمیت صوبے کی دیگر پسماندہ اضلاع کے 300طلباءوطالبات کوالائیڈہیلتھ سائنسز میں تکنیکی تعلیم  دی جائیگی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر فیڈرل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی انتظامیہ کو خیبرپختونخوا  کے نوجوانوں کیلئے  مفت  تعلیم کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ہنرمند افرادی قوت کی بہت زیادہ مانگ ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل ہیلتھ سروسز اکیڈمی کا یہ اقدام صوبہ میں طبی شعبہ میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کیلئے ایک بہت بڑا موقع ہے،۔انہوں نے اس موقع پر وفد کو اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔