گھوٹکی،08اگست(اے پی پی ): وزیر زراعت،اینٹی کرپشن اور ضلع گھوٹکی رین ایمرجنسی کے فوکل پرسن سردار محمد بخش مہر نے میرپورماتھیلو اوراوباوڑو کا دورہ کیا،صوبائی وزیر نے بارش کے بعد میرپور ماتھیلو کے عید گاہ، غریب آباد اور اوباوڑو کے امیر آباد، ملک کالونی سمیت دیگر علاقوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سردار محمد بخش خان مہر کا کہنا تھا کہ سندھ کے دونوں بڑے بیراجوں پر اس وقت نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے،سندھ میں سب سے زیادہ بارش ضلع گھوٹکی میں ہوئی ہے، کافی حد تک کئی علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ مون سون کے گزشتہ اسپیل کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کو ضلعی انتظامیہ نے احسن طریقے سے حل کیا ہے، متوقع بارشوں سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرپور ماتھیلو کے غریب آباد، محلہ عید گاہ سمیت مختلف علاقوں سے بارش کا پانی نکاسی کیا گیا ہے، محکمہ اینٹی کرپشن کرپٹ افسران کے خلاف کارروائیاں کررہا ہے، کرپشن کرنے والے افسران پر مقدمات درج کئے گئے ہیں، میرپور ماتھیلو:ڈرینیج کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
صوبائی وزیر سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ ضلعی،تعلقہ اور یوسی چیئرمین اپنے علاقوں کے دورہ کریں اور وہاں سے بارش کا پانی نکلوالیں، دس دن بعد بارشوں کا دوسرا اسپیل متوقع ہے، جس کی پہلے ہی تیاری کرنی ہے، تاکہ بارش کا پانی نکاسی کیا جاسکے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کے دورہ کے دوران ڈی سی گھوٹکی، پی پی ضلع گھوٹکی کے صدر اور ضلع کونسل کے وائس چیئرمین میر بابر علی خان لنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر بھی ہمراہ تھے۔