یوم استحصال کشمیر سے متعلق پاکستان قونصلیٹ جدہ میں تقریب ، مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی مذمت

42

 

جدہ ، 5اگست(اے پی پی): پاکستان قونصلیٹ جدہ  سعودی عرب میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ منعقدہ تقریب میں تنظیم تعاون اسلامی(او آئی سی) کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سفیر  آفتاب احمد کھوکھر،  کشمیر تحریک  کے رہنماء مصنف فاروق رحمانی  خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں بھارتی تسلط کی پرزور مذمت کی۔ دیگرمقررین نے کہا کہ آج  کا دن کشمیری عوام پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے ، آج سے پانچ برس قبل 2019ء میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے بھارتی آئین کی دفعات 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے جموں و کشمیر اور لداخ کے علاقوں کو بھارت میں ضم کرنے کی مذموم کوشش کی،جس کے مقاصد میں ایک طرف مقبوضہ علاقوں کو ہڑپنے کا منصوبہ بنایا گیا تو دوسری جانب ان علاقوں میں موجود مسلم آبادی کے عدم تحفظ کے احساس کو مزید گہرا کرنے کی گھناؤنی سازش کا ارتکاب کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ  مودی سرکار نے اپنی اس مذموم حرکت کی مخالفت میں اٹھنے والی کشمیری حریت پسندوں کی آوازوں کو دبانے کے لیے مقبوضہ علاقوں میں کرفیو  نافذ کیا جس کے نفاذ کو آج 1826 دن مکمل ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام دنیا   کے ممالک و انسانی حقوق کے   علمبردار اداروں کے منہ پرطمانچہ ہے جو بھارتی ظلم و ستم  ودھونس دھاندلی کے سامنے اندھے اور بہرے ہوچکے ہیں،اس مدت میں مقبوضہ کشمیر میں پچاس لاکھ ہندوئوں کو کشمیری ڈومیسائل دے دئیے گئے ہیں ، ان مذموم حرکات کا مقصد کشمیر کی مسلم اکثریتی آبادی کواقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں  نے کہا کہ گزشتہ پون صدی سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی  غاصبانہ قبضے اور  معصوم و نہتے عوام پرمظالم کا سلسلہ جاری ہے،کشمیریوں پر ہر طرح کے مظالم ڈھائے جارہے ہیں ، 1989ء سے  تاحال مقبوضہ کشمیر میں 96320 کشمیری  عوام کی شہادتیں ہو چکی ہیں ، 22974 خواتین بیوہ ہوچکی ہیں، 11264 خواتین کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کے کارندےشرمناک زیادتیوں کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد کشمیری  مقبوضہ بھارتی سرکار کی غیر قانونی طور پر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ۔ مقبوضہ وادی میں اگست 2019ء سے اب تک 887 افراد شہید کیے جاچکے ہیں اور 25 ہزار کے قریب کشمیریوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا جاچکا ہے۔

تقریب میں صدر پاکستان کا پیغام، ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید، وزیر اعظم  کا  پیغام  کمرشل قونصلر سعادیہ خان، نائب وزیر اعظم کا پیغام رؤف مایو نے پڑھ کر سنایا۔ تقریب میں جدہ میں موجود پاکستانی و کشمیر کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔