اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی):وزارت امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےریلی سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے خلاف کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں۔ہم نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور اٹھایا۔مقبوضہ کشمیر ایک دن پاکستان کے ساتھ شامل ہو کر رہے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق ملنے تک کشمیر ایشو زندہ رہے گا۔ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔
اس موقع پر حریت قائدین نے کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کی تحریک آزادی میں مزید شدت آگئی ہےاورکشمیری عوام کو سلام کرتے ہیں کہ وہ تحریک آزادی سے پیچھے نہیں ہٹے۔
ریلی میں دفتر خارجہ کے افسران اور ملازمین سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءبعد ازاں پارلیمنٹ کے سامنے ڈی چوک تک گئے جہاں ریلی نے ایک جلسہ کی شکل اختیار کی۔ ریلی میں شریک افراد نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور 5 اگست 2019 سے جاری بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کے لئے بینر اٹھا رکھے تھے۔