یوم شہداء کے موقع پر جیکب آباد پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش

19

جیکب آباد،04اگست (اے پی پی ): یوم شہداء کے موقع پر جیکب آباد پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مقامی ہوٹل میں یوم شہدا پروقار تقریب منعقد کی گئی،تقریب کا آغاز تلاوت کلام اور حمد و ثناء نعت شریف اور قومی ترانے سے کیا گیا، پولیس کے شہداء کی فیملیز نے یوم شہدا پولیس پروگرام میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر جیکب آباد ظہور احمد مری، ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ، چیمبرز آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی اور جیکب آباد پولیس کے شہدا کی فیملیز نے یادگار شہداء پہ پھول چڑھائے اور شمعیں روشن کیں۔

ڈپٹی کمشنر جیکب آباد ظہور احمد مری اور ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے استقبالیہ تقریر کی اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا،یوم شہداء کی تقریب میں ڈپٹی کمشنر جیکب آباد ، میجر آئی ایس آئی ، چیمبر آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی ، لعل چند سیتلانی سمیت شہر کے معززین، سول سوسائٹی ، میڈیا پرسنز ، و شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

 اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر  ظہور احمد مری اور ایس ایس پی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہیدوں نے اپنے جان کے نذرانے پیش کرکے معاشرے میں امن کے خاطر عظیم قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا،آج کا دن منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہم اپنے شہداء کے ورثاء و لواحقین کو یہ باور کرایا جائے کہ ہم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملائے کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو اپنے شہداء پر فخر ہے کہ انہوں نے قوم کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کیے ،اللہ ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے اور تمام خاندانوں کو صبر عطا کرے۔