اقلیتی کارڈذ کا اجراء مذہبی اقلیتوں کے لیے نئے سال کا بڑا تحفہ ثابت ہو گا: صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ

9

لاہور 17 جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت اجلاس میں مینارٹیز کارڈ کے اجراء کے حتمی مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نادرا، پی آئی ٹی بی ،پنجاب بینک ، فنانس اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس نے اقلیتی کارڈز کی رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل اور اہلیت کے معیار پر بھی غور کیا۔

 نادرا کے نمائندہ نے رجسٹریشن کے تکنیکی پہلوؤں پر تفصیل سے بریفنگ دی، پنجاب بینک کے عہدیدار نے مالی امداد وصول کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کی۔

انھوں نے کہا کہ نادرا سے کافی حد تک ڈیٹا ویری فائی ہو چکا ہے ۔  صوبائی وزیر اقلیتی امور نے مینارٹی کارڈز کے اجراء کے لیے حتمی مراحل کو جلد نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت دی۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اقلیتی کارڈذ کا اجراء مذہبی اقلیتوں کے لیے نئے سال کا بڑا تحفہ ثابت ہو گا۔ پنجاب حکومت اجراء کے تمام تر عمل میں شفافیت اور آسانی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

 صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ اقلیتی کارڈز صرف مستحق خاندانوں کو دیے جائیں ۔تقسیم کے عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی یا غلط فہمی نہ ہو ۔عوام کی شکایات کے فوری ازالہ کو ممکن بنایا جائے ۔  صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام تر شکایات کے ازالے کے لئے محکمہ سے فوکل پرسن نامزد کیا جائے ۔

اجلاس میں فنانس ڈیپارٹمنٹ، نادرا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، PITB، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی اور پنجاب بینک کے نمائندگان نے شرکت کی۔