سولر انرجی اور الیکٹرک وہیکلز کا فروغ حکومت کا فوکس ہے: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین

4

 

لاہور 17جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں وڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میں انرجی اور الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  انرجی سیکٹر سے وابستہ چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے سی ای  اوز اور متعلقہ حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

چین کے سرمایہ کار گروپ نے الیکٹرک وہیکلز ،ای وی چارجنگ اسٹیشنز اور انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

 صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں ، انھوں نے کہا کہ پنجاب کو سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا ہے ،اب یہاں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سازگار ماحول کے باعث چین اور دیگر غیر ملکی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری کررہی ہیں۔

 چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سولر انرجی اور الیکٹرک وہیکلز کا فروغ حکومت کا فوکس ہے ،  سولر پینلز اور لیتھیئم بیٹریوں کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ کے حوالے سے چین کی کمپنیوں سے معاہدے ہوچکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چین کا گروپ سولر انرجی ، سمال ہائیڈل پاور پراجیکٹس اور الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے ۔ پنجاب حکومت صنعتی یونٹس لگانے کے لئے ہرممکن سہولت اور زمین فراہم کرے گی۔

 چوہدری شافع حسین نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے . انڈسٹریل اسٹیٹس کی سولر انرجی پر منتقلی سے انڈسٹری کو بجلی سستی ملے گی۔

اراکین وفد نگ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں انرجی ،ای چار جنگ اسٹیشنز اور ہائیڈل پاور میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔