سیالکوٹ میں 2025 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا 3 فروری سے آغاز

14

سیالکوٹ، 17 جنوری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 3 فروری سے ضلع سیالکوٹ میں 2025 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، 5 روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم میں مجموعی طور پر 6 ہزار 288 پولیو ورکرز حصہ لیں گے، 2 ہزار 276 موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر، تعلیمی اداروں، جھونپڑ بستیوں، بھٹوں اور کچی آبادیوں میں 133 فکسڈ/ رومنگ ٹیمیں بنیادی و دیہہ مراکز صحت اور ہسپتالوں میں جبکہ 69 ٹرانزٹ ٹیمیں مسافر بچوں کو بس اسٹینڈ/ اسٹاپس، اہم اور مصروف چوکوں اور ریلوے اسٹیشن پر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا قومی فریضہ انجام دیں گے، اس سلسلہ میں ٹیموں کی ٹریننگ کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ پولیو سے ضلع سیالکوٹ کو محفوظ بنانے کیلئے محکمہ صحت سمیت تمام اداروں کو   رول اسائن کئے گئے ہیں۔