اسلام آباد، 23 جنوری (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں اظہارِ رائے کی مکمل آزادی ہے،حکومتی پالیسیوں پر تعمیری تنقیدگورننس کی بہتری کیلئے بے حد ضروری ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگوکرتےہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے وفد سے گفتگوکرتےہوئے کہا کہحکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستون ہونے پر یقین رکھتی ہے۔
وزیرِاعظم نے کہاکہ پاکستان معاشی ترقی کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح اور شرحِ سود میں خاطر خواہ کمی کا سہرا معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے، برآمدات میں اضافہ،صنعتی و زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت حاصل ہو رہی ہے اور ایف بی آر میں اصلاحات کا نفاذ اور مکمل ڈیجیٹائیزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ ترسیلاتِ زر میں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومتی پالیسوں پر اعتماد میں اضافے کا عکاس ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ دوست ممالک سے تعلقات میں اضافہ اور سفارتی محاذ پر کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ
حکومت سی پیک کے منصوبوں کی جلدتکمیل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے باصلاحیت نوجوانوں اور افرادی قوت کو پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت کی سہولیات و یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وفد کے شرکا نے معاشی اشاریوں میں بہتری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا ملکی ترقی اور گورننس کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
وفد کے ارکان نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کی ضروت ہے، حکومت اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔