وفاقی وزیر تجارت سے امریکی چارج ڈی افیئرز نٹالی اے بیکر کی ملاقات

6

اسلام آباد، 29  جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی چارج ڈی افیئرز، نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر تجارت نے بیکر اور امریکی حکومت کو اقتدار کی منتقلی کے کامیاب عمل پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور اہم اقتصادی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں زراعت کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے کاٹن انڈسٹری میں ترقی کے مواقع اور معدنیات،سمندری صنعتوں، ٹیکسٹائل اور قابل تجدید توانائی جیسے ممکنہ سرمایہ کاری کے شعبوں کی نشاندہی بھی کی۔

ملاقات ایک مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں وزیر تجارت اور بیکر نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں نے نئے مواقع تلاش کرنے اور دونوں ممالک کی خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔