اسلام آباد، 21 جنوری(اے پی پی): وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ کا جائزہ اجلاس ہوا ،جس میں ادارے کی کارکردگی اور مالی اہداف پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ نے گزشتہ چند ماہ میں اپنے بزنس ماڈل میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے اور اس کا ریونیو بڑھا ہے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ کو 30 جون تک اپنا ریونیو 14 ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف دیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کو کفایت شعاری اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کی ضرورت ہے۔ مزید یہ کہ مضبوط اور موثر مارکیٹنگ نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان پوسٹ کو منافع بخش بنایا جا سکتا ہے۔
وزیر موصلات نے پاکستان پوسٹ کو عالمی معیار کی کورئیر کمپنی بنانے کے لیے فریم ورک تبدیل کرنے کی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ ادارے میں پیشہ ورانہ مہارت لا کر ملازمین کے روزگار کو بچایا جا سکتا ہے اور ڈاک کی ترسیل کے نظام میں جدت لانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ نے اپنی کارکردگی میں اضافے کے لیے سہ جہتی حکمت عملی اپنائی ہے، جس کے تحت نہ صرف اخراجات میں کمی کی گئی ہے بلکہ نئے کاروبار بڑھانے کے لیے اقدامات بھی کیے گئے ہیں اوراس حکمت عملی کے تحت 1.4 بلین روپے مالیت کے نئے کاروبار شامل کیے گئے ہیں اور 2.4 بلین روپے کی بچت کی توقع کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ نے اپنے بقایا جات کی وصولی اور پوسٹ آفس کی عمارتوں کو کرایہ پر دینے سے بھی محصولات میں اضافے کی کوششیں کی ہیں۔ اس حکمت عملی کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال پاکستان پوسٹ کی محصولات میں 23.5 فیصد کا اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔