پاکستانی طلباء و طالبات کی چین میں جدید زرعی تربیت کا مکمل خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گے، وزیراعظم شہباز شریف

107

‎ اسلام آباد، 22 جنوری (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت چین میں جدید زراعت کی تربیت کے حصول کیلئے جانے والے پاکستانی طلباء و طالبات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقدہوا۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نےپاکستانی طلباء و طالبات کی چین میں جدید زرعی تربیت کا مکمل خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گے۔

‎وزیراعظم نے شعبے کی تربیت کیلئے بھیجے جانے والے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے۔

‎انہوں نے آگاہ کیا کہ جلد طلباء و طالبات کا پہلا بیچ زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کیلئے چین روانہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ‎زرعی شعبے کی جدید تربیت کیلئے چین جانے والے طلباء و طالبات میں 10 فیصد خصوصی کوٹہ بلوچستان کے طلباء کیلئے مختص کیا گیا۔

‎اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ان طلباء و طالبات کو دو بیچز میں چین بھیجا جائے گا،  پہلی کھیپ میں 300 طلباء و طالبات آبپاشی میں بہتری، مویشیوں میں بیماریوں کی تشخیص و نگرانی، مویشیوں کی افزائش  اور جدید بیجوں کی تیاری و ان کی پراسیینگ کے شعبوں میں تربیت کیلئے بھیجا جائے گا-  طلباء و طالبات کی پہلی کھیپ مارچ 2025 میں چین روانہ ہوگی۔

‎اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ 400 طلباء کی دوسری کھیپ رواں برس کے وسط میں چین بھیجی جائے گی جس کو زراعت میں جدید مشینری کے استعمال، فصلوں کی تیزی سے افزائش، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی بشمول مصنوعی ذہانت کا استعمال اور پھلوں و سبزیوں کی پراسیسنگ کے شعبوں میں تربیت دی جائے گی۔