پاکستانی عوام کی صحت اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے؛ چیئرمین سینیٹ

2

 اسلام آباد، 18 جنوری (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صحت مند پاکستان کے قیام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی صحت اور بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے تندرستی کو فروغ دینا ناگزیرہے ۔

 چیئرمین سینیٹ نے ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس فورس اور شہداء کے خاندانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایف پی سی سی آئی اور اسلام آباد پولیس کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے جسمانی تعلیم کو نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے جسمانی سرگرمیوں کے فوائد اجاگر کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی لگن اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا صحت عامہ کے فروغ میں اہم قدم ہے۔