اقوام متحدہ پولیس عالمی امن مشنز کا بنیادی ستون، تنازعہ زدہ علاقوں میں قیام امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے؛ سفیر منیر اکرم

1

اقوام متحدہ،28 فروری(اے پی پی): پاکستان نے اقوام متحدہ پولیس  کو عالمی امن مشنز کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازعہ زدہ علاقوں، بعد از تنازعہ منتقلی اور قیام امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پولیس ویک  کے آغاز پر اقوام متحدہ پولیس اور امن مشنز کے مستقبل پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر منیر اکرم نے امن مشنز کی منصوبہ بندی اور وسائل مختص کرنے کے فیصلوں میں اقوام متحدہ پولیس کے نقطہ نظر کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ امن مشنز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے حقیقت پسندانہ مینڈیٹ ناگزیر ہیں اور فارمڈ پولیس یونٹس  کی تعیناتی کے لیے واضح اور قابل حصول اہداف، مناسب وسائل کے ساتھ فراہم کیے جانے چاہئیں۔

سفیر منیر اکرم نے اس بات پر زور دیا کہ امن مشنز میں پولیسنگ کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے تاکہ منظم جرائم، انسانی اسمگلنگ، دہشت گردی اور جدید ٹیکنالوجی کے غلط استعمال جیسے پیچیدہ اور غیر روایتی خطرات سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے مینڈیٹ کو مؤثر انداز میں پورا کر سکیں۔ اس میں جنریٹیو آرٹیفیشل انٹیلیجنس ، ورچوئل رئیلٹی ٹولز، ڈرونز، جدید نگرانی کے آلات اور ڈیٹا اینالیٹکس جیسے جدید اوزار شامل ہیں۔

پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ پولیس کے مقامی اداروں کی تعمیرِ نو اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہتری پر توجہ دینی چاہیے تاکہ پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ پولیس اور امن مشنز میں موثر کارکردگی، وسائل کے بہترین استعمال اور واضح مشن مقاصد کے ذریعے کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے 50 فارمڈ پولیس یونٹس (FPUs) کو ہیٹی، دارفور، مشرقی تیمور اور آئیوری کوسٹ سمیت مختلف ممالک میں تعینات کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر عالمی امن کے لیے قربانیاں دیں، جن میں 11 افسران نے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ایک فارمڈ پولیس یونٹ اقوام متحدہ کے ریپڈ ڈپلائمنٹ لیول پر موجود ہے، جو عالمی امن کے لیے پاکستان کی تیاری کو ظاہر کرتا ہے۔

سفیر منیر اکرم نے پاکستانی پولیس افسران کی پیشہ ورانہ مہارت اور دیانت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس ایڈوائزر فیصل شاہکار نے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ شہزادی گلفام 2011 میں “انٹرنیشنل فیمیل پولیس پیس کیپر ایوارڈ” حاصل کرنے والی پہلی خاتون پولیس آفیسر بنیں۔