آئندہ تین سے چار برسوں میں تقریباً 50 سرکاری اداروں کی نجکاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ

1

اسلام آباد،17فروری(اے پی پی): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے عالمی بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں اقتصادی ترقی اور اصلاحات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 احد چیمہ نے عالمی بینک کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں عالمی بینک کا تیسرا بڑا وفد پاکستان آیا ہے، جو معیشت کی بحالی اور ترقی کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

انہوں نے نجکاری کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مرحلہ وار سرکاری اداروں کی نجکاری کرے گی۔ رواں سال پہلے مرحلے میں 10 سے زائد اداروں کی نجکاری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں سرفہرست ہوں گی۔ پی آئی اے اور دیگر ادارے اگلے مرحلے میں نجکاری کا حصہ بنیں گے۔

احد چیمہ نے مزید کہا کہ اگلے تین سے چار سالوں میں تقریباً 50 سرکاری اداروں کی نجکاری کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد معیشت کو مستحکم کرنا اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے عالمی بینک کے ساتھ جاری تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت پاور سیکٹر کی بہتری کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے کام کر رہی ہے اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں، حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے تحقیق اور جدید ماڈلز کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں نوجوانوں اور خواتین کی تربیت کے لیے مختلف پروگرامز بھی جاری ہیں۔