ملتان ۔ 27 فروری (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے باہر پارکنگ کا معقول انتظام نا ہونا بھی ٹریفک مسائل کی وجہ ہے۔چھٹی کے وقت سڑکوں پر ٹریفک کے اژدہام کے سبب نظام ٹریفک بالکل مفلوج ہو کر رہ جاتا ہےان خیالات کا اظہار انہوں نے آفیسرز کالونی میں قائم پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کے وفد سے ملاقات میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ آفیسرز کالونی میں قائم تمام سکولز طلباء و طالبات کے لیے بسوں کا انتظام یقینی بنائیں، انہوں نے سکولوں کے باہر ٹریفک جام کے سدباب کے لیے قابل عمل پلان مرتب کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوش علاقوں میں قائم سکول قابل ذکر فیس وصول کرتے ہیں، پک اینڈ ڈراپ سروس کا اہتمام کریں۔ہم سب پر باشعور شہری ہونے کے ناطے قانون کی پاسداری کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔کمشنرملتان نے مزید کہا کہ ٹریفک کی روانی کو قائم رکھنے کے لئے ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ آفیسرز کالونی میں قائم گول چوک کو مختصر کرنے بارے بھی ورکنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے تمام پرائیویٹ سکول نمائندگان کو ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔