لاہور،24فروری( اے پی پی ): گورنر پنجاب /چانسلرسردار سلیم حیدر خان نے آج پنجاب یونیورسٹی لاہور کے 134ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ جامعات کی طالبات کے لئے وہی ماحول چاہتا ہوں جو اپنی بیٹیوں کے لئے چاہتا ہوں۔ پنجاب کی جامعات میں ہراسگی سے متعلق زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہراسگی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے سمسٹر سسٹم کی خامیاں دور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامعات میں ہراسگی کا کوئی بھی واقعہ کسی صورت قابل برداشت نہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے جلد وائس چانسلرز کانفرنس کا انعقاد کر رہاہوں۔
انہوں نے کہا کہ اچھے اخلاق اور کردار کے بغیر ڈگری کا کوئی فائدہ نہیں۔ گورنر پنجاب نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے والدین نے اپنا پیٹ کاٹ کرآپ لوگوں کو پڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ والدین کو پھولوں کی طرح رکھیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ اپنی عملی زندگی میں سخت محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں اور ملک و قوم کی بھلائی اور اس کی خوشحالی میں مثبت کردار ادا کریں۔قبل ازیں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے گورنر پنجاب کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر خان نے طلبا و طالبات میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔
کانووکیشن میں مختلف شعبہ جات کے 1087 طلبا کو ڈگریاں دی گئیں۔ پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 400 سے زائد پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں۔ ایم ایس ایم فل، انڈر گریجویٹ کے 254 طلبا کو میڈلز سے بھی نوازا گیا۔
تقریب میں اساتذہ کرام، ڈگری اور میڈلز لینے والے طلبا و طالبات اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔