سول سروسز  اکیڈمی کے زیر تربیت افسران کا انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان کا معلوماتی دورہ

1

ملتان،22 فروری(اے پی پی): سول سروسز  اکیڈمی کے زیر تربیت افسران نے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان کا معلوماتی دورہ کیا۔ ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر  ملتان، میڈم ام فروہ ہمدانی نے،  ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی ڈاکٹر فیصل ظہور اور دیگر سینئر  اعلی افسران سمیت سول سروسز اکیڈمی کے زیر تربیت افسران کو انسداد تشدد مرکز برائے خواتین ملتان میں خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا۔

 اس موقع پر قائم مقام منیجر واک سینٹر میڈم حرا، نے واک سینٹر سے متعلقہ مختلف شعبہ جات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور تمام سیکشنز کا دورہ کروایا، جبکہ ایس ایچ او میڈم ارم حنیف نے ویمن پولیس اسٹیشن کا دورہ کروایا اور پولیس اسٹیشن سے متعلقہ بریفنگ دی۔

زیر تربیت افسران نے خصوصی طور پر خواتین کے تحفظ کے لیے قائم کی گئی ہیلپ لائن 1737 اور فرنٹ ڈیسک، محرر آفس سمیت دیگر شعبہ جات کا جائزہ لیا  اور موقع پر موجود سائلین سے  گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل  پوچھے۔

 اس حوالے سے زیر تربیت افسران کا کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے معاشرتی تاریکی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے. انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تشدد سے روک تھام کے لیے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین، اپنی نوعیت کا منفرد ادارہ ہے جہاں ایک چھت کے نیچے متاثرہ خواتین کو تمام سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔ خواتین اپنے خلاف ہونے والی زیادتی،ظلم، تشدد، بارے قانونی امداد اور دادرسی حاصل کر رہی ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان، عبدالعزیز خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ملتان، میڈم سمیرا ستار اور پبلک ریلیشن آفیسر سوشل ویلفیئر ملتان ڈویژن، محمد نبیل خان بھی موجود تھے۔