شعبہ صحت اور تعلیم کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، بچیاں ہمارے ملک کا اصل مستقبل ہیں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

4

لاہور، 21 فروری(اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وڈالہ سندھواں میں فری ڈائیلنسز سنٹر اور بیسٹ نیشن فری آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا اور بعد ازاں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کا دورہ بھی کیا۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ صحت اور تعلیم کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ دور آئی ٹی کا دور ہے،انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت گھر بیٹھے نوجوان باعزت روزگار کما سکتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی نیکی ہے۔ ڈائلنسز سینٹر کی بدولت گردے کے مریضوں کو ڈور اسٹیپ پر سہولیات میسر آئیں گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بیسٹ نیشن آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ نوجوانوں کے لئے مستقبل کے دروازے کھول سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بچیاں ہمارے ملک کا اصل مستقبل ہیں، یہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں۔دین اسلام ماں کی گود سے قبر کی دیوار تک علم حاصل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔  طالبات تعلیم کے بل بوتے پر آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی دیں۔

انھوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں ہماری بیٹیاں لڑکوں کو پیچھے چھوڑ رہی ہیں جبکہ لڑکے مقابلے سے باہر ہورہے ہیں۔