اسلام آباد،19فروری(اے پی پی): مراکش میں جاری گلوبل منسٹریل کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے مختلف ممالک کے وزراء سے ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی تعاون، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے قطر کے وزیر ٹرانسپورٹ شیخ محمد بن عبداللہ الثانی سے خصوصی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان آئل اینڈ گیس، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر خطے میں منفرد معاشی اور سیاسی استحکام کے حامل ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
عبدالعلیم خان نے قطر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی، جس پر قطر کے وزیر ٹرانسپورٹ نے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ قطر کی حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک بزنس ٹو بزنس (B2B) اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (G2G) سرگرمیوں کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گلوبل منسٹریل کانفرنس کے دوران ورلڈ بینک کے روڈ سیفٹی کے گلوبل ہیڈ سعاد داہدا اور گلوبل ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نیکولس پلیٹر سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان میں سڑکوں اور موٹرویز کی بہتری، روڈ سیفٹی، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔
ورلڈ بینک کے نمائندوں نے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس پر عبدالعلیم خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں موٹرویز اور شاہراہوں کی بہتری کے لیے نئے ٹاسک سونپے گئے ہیں اور موٹرویز پولیس کی کارکردگی کسی بھی ترقی یافتہ ملک سے کم نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مراکش میں جاری گلوبل منسٹریل کانفرنس میں پاکستان کے مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا اور عالمی بینک سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں سے تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔