مراکش، 18 فروری )اے پی پی): مراکش میں چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی کا آغاز ہوگیا، جس میں پاکستان سمیت 193 ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ اس عالمی کانفرنس میں 260 سے زائد وزراء اور ماہرین روڈ سیفٹی کے موضوع پر خطاب کریں گے۔
پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کر رہے ہیں، جو افتتاحی سیشن میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ عبدالقادر یورالوغلو سے ان کی خصوصی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان روڈ انفراسٹرکچر کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان ترکیہ کی ترقی کو رول ماڈل کی حیثیت دیتا ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب، ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان کیلئے خیر سگالی اور بھائی چارے کے جذبات کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
ملاقات میں “بیلٹ اینڈ روڈ اینیشیٹو” کے منصوبے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، جو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی اور مواصلاتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
کانفرنس کے پہلے روز اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندے نے بھی خطاب کیا، جبکہ افتتاحی سیشن میں منسٹریل راؤنڈ ٹیبل سیشن کا انعقاد کیا گیا، جہاں روڈ سیفٹی سے متعلق عالمی چیلنجز اور حل پر غور کیا گیا۔