مراکش، 20 فروری (اے پی پی): مراکش میں جاری گلوبل منسٹریل کانفرنس کے دوران پاکستان اور انٹرنیشنل روڈ اسیسمنٹ پروگرام کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا۔ اس معاہدے پر عالمی ادارے کے کنٹری ڈائریکٹر گریگ سمتھ اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت پاکستان میں ذرائع مواصلات کی فیزیبیلٹی اور اسیسمنٹ کا ادارہ قائم کیا جائے گا، جو ملک میں نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی جانب سے جدیدیت کی طرف ایک اور اہم قدم ہے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل روڈ اسیسمنٹ پروگرام کی شمولیت سے پاکستان کے ذرائع مواصلات میں دیر پا بہتری آئے گی اور جدید تقاضوں کے مطابق انفراسٹرکچر کو ہم آہنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی موٹر ویز، شاہراہ قراقرم اور ہائی ویز کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
گلوبل منسٹریل کانفرنس کے دوران پاکستانی وفد کی مالدیپ، عمان، فلسطین اور بنگلہ دیش کے وزراء سے بھی اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مراکش میں غیر ملکی وزراء کا خیر مقدم کیا اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق زوروب اور عمان کے ڈپٹی منسٹر بریگیڈئیر جنرل علی الفلاحی نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی، جبکہ بنگلہ دیش کے وزیر صنعت عادل الرحمن خان نے بھی وفد کے ہمراہ پاکستانی وزیر سے اجلاس کیا۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان کے مواصلاتی شعبے میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیر ملکی وزراء نے پاکستان کے انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ہونے والی ترقی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کی پیشکش کی۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے ان ملاقاتوں میں پاکستان کے روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری، حادثات میں کمی اور سفری سہولتوں میں اضافے پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے ذرائع نقل و حمل کو جدید بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، اور مراکش میں ہونے والی یہ کانفرنس اس سلسلے میں سودمند ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد مراکش سے خوشگوار یادیں اور قابل عمل تجربات لے کر واپس جائے گا، جو ملکی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔