لاہور؛ 21 فروری (اے پی پی):وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت چیف منسٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔سپیشل سیکرٹری آسیہ گل اور پی ایم ایف ڈی سی کے ایم ڈی زاہد عزیز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔
وزیر بلدیات پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحلہ وار تمام شہروں کے پانی اور سیوریج مسائل کا حل نکالا جائے گا، انھوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے چیف منسٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی منصوبے مکمل کریگی، تمام منصوبوں میں سیوریج سسٹم کو سولرائزڈ کیا جائے گا، ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی نے 189 چھوٹے بڑے شہروں کی فہرست تیار کر لی، پہلے مرحلے میں 40 شہروں کا تخمینہ تیار کیا جائے گا جبکہ 20 شہروں کی فزیبلٹی ورلڈ بینک کے سپرد کر دی ہے۔انھوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں 110 مزید شہروں کو پروگرام میں شامل کریں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ منصوبے کی خاص بات سٹارم واٹر محفوظ کرنے کیلئے پانڈنگ ایریاز بنانا ہیں، وزیر بلدیات نے کہا کہ پراجیکٹ پر 150 ارب روپے لاگت آئے گی اس لیے اگلے 25 سال کی ضروریات مدنظر رکھیں گے۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ پانڈنگ ایریاز کے ساتھ پارک بھی بنائے جا رہے ہیں، وزیر بلدیات پنجاب نے کہا کہ یونیسیف نے شیخوپورہ میں مکمل ہونے والے پائلٹ پراجیکٹ کی تعریف کی ہے۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ایم ڈی ایف سی دیہات کے روایتی چھپڑوں کی بحالی پر بھی کام کر رہی ہے، دیہی چھپڑوں کا پانی ٹریٹ کر کے زرعی مقاصد کیلئے استعمال کریں گے، انھوں نے کہا کہ چھپڑوں کی بحالی سے آبی حیات کے لئے بھی سازگار ماحول میسر آئے گا۔