ملتان،27فروری(اے پی پی): موٹر وے پر تیز رفتار گاڑیاں چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ موٹروے پولیس کی جانب سے ایسے ڈرائیورز پر جرمانے کیے جائیں گے اور ایف آئی آرزدرج کی جائیں گی ۔
انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز موٹرویز پولیس رفعت مختار کی ہدایات پر سیکٹر کمانڈر/ایس پی رانا سرفراز ناصر نے موٹروے ایم 5 پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کی اوور سپیڈ کرنے والے ڈرائیور حضرات کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے تمام ڈرائیور حضرات کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔
موٹروے ایم 5 پر پاکستان کے جدید آئی ٹی ایس سسٹم اور مینول کیمرے کے ذریعے گاڑیوں کی سپیڈ چیکنگ کی جا رہی ہے اور سپیڈ کرنے والی گاڑیوں کو جرمانہ کیا جا رہا ہے تمام ٹول پلازہ جات اور سروس ایریا پر بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔
سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز ناصر نے بتایا کہ اوور سپیڈ کرنے والی گاڑیاں نہ صرف اپنی بلکہ دوسرے روڈ یوزر کی زندگی کو بھی داؤ پر لگا دیتی ہیں جو کہ نہایت خطرناک ہیں اور کسی بھی غیر معمولی حادثہ کا باعث بن سکتی ہیں ۔اگر کوئی گاڑی 150 کی رفتار سے تجاوز کرتی ہے تو جرمانہ کے ساتھ ایف آئی آر بھی درج کی جائیگی۔