ملک بھر میں چارسو سے زائد انسانی سمگلرگرفتار ، جائیدادیں ضبط اوربینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ

4

اسلام آباد،17  فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت  پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا کہ ملک بھر میں چارسو سے زائد انسانی سمگلرگرفتار کئے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ ان انسانی سمگلروں کی جائیدادیں ضبط کر کے ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی اسمگلنگ کا سخت نوٹس لیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلروں کو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی اور انہیں سخت سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کو ناقابل ضمانت قرار دینے کیلئے قانون سازی بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ایک سیل فعال کر دیا گیا ہے اور آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔

انہوں نے اس لعنت کے خاتمے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد میں دس ارب روپے کی لاگت سے ایک سفاری پارک تعمیر کیا جائے گا۔قومی اسمبلی کا اجلاس کل 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔