اسلام آباد،18 فروری(اے پی پی ): نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے مستقل نمائندوں سے خطاب کیا اور اقوام متحدہ میں او آئی سی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان فلسطین میں منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے غزہ میں مستقل جنگ بندی، بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کو بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی دو ریاستی حل کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا، جس میں ایک خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہو، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر تنازعے کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اقدامات کرے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کے دوران اپنی مدت میں او آئی سی کے تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔