نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 ملکی معیشت کے استحکام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی، وفاقی وزیر تجارت

3

اسلام آباد، 17 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 ملکی معیشت کے استحکام کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا نیا ٹیرف فریم ورک سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار میں اضافے کا باعث بنے گا، جبکہ اس سے درآمدی محصولات میں بہتری اور ملکی مصنوعات کی مسابقت بھی بڑھے گی۔

جام کمال خان نے کہا کہ ایک شفاف اور مستحکم ٹیرف نظام غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔ تاہم، انہوں نے تسلیم کیا کہ انفراسٹرکچر مسائل، توانائی بحران اور بلند شرح سود معیشت کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے تحت بجٹ سازی کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی، شرح سود میں بہتری اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ معیشت کے استحکام کی علامت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے شفاف ٹیرف پالیسی، دانشمندانہ مالیاتی پالیسیاں اورعملی حل ضروری ہیں۔