وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے مابین باکو میں ملاقات

3

باکو، 24 فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے مابین باکو میں دوطرفہ ملاقات ہوئی۔

‎ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آذری صدر نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پراطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے مابین قریبی،تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عہد کیا۔

‎دوطرفہ ملاقات کے بعد پاکستان اور آذربائیجان کے وفود کی ملاقات و بات چیت ہوئی، جس میں دونوں اطراف کے اہم وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔  بات چیت میں دونوں اطراف نے اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے توانائی، انفراسٹرکچر اور مواصلات  اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

‎دونوں اطراف نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ تجارت کا حجم برادرانہ سیاسی تعلقات  کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے۔ دونوں فریقین نے  مختلف شعبوں میں باہمی تجارت کو  بڑھانے پر اتفاق کیا۔

‎دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ ،اسلامی تعاون تنظیم،اور اقتصادی تعاون تنظیم  سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فعال تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔