اسلام آباد،20فروری(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات بڑھانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےآئندہ پانچ سال میں ملکی برآمدات کو 60 بلین ڈالر کے تک لے جانے کے لئے جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نےمعیشت کی ترقی اور برآمدات کو فروغ دینے کے لئے معاشی ٹیم کو ٹیرف کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانے کی بھی ہدایت کی ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو عام فہم و سہل بنایا جائے،ٹیرف میں اصلاحات لا کر صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کی حکمت عملی اپنائی جائے۔
وزیراعظم نے برآمدات میں اضافہ کے لئے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی “اڑان پاکستان” وژن کا اہم جزو ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدی صنعتوں کی ترقی کیلئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے گورننس نظام میں ضروری اصلاحات کی جائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو وزارت تجارت میں اصلاحات کی پیشرفت اور آئندہ پانچ سال میں برآمدات کا ہدف 60 بلین ڈالر تک لے کر جانے کے لئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔