اسلام آباد،20فروری(اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صحت و دواسازی کے شعبے میں اصلاحات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی سطح کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے ،اسلام آباد کے مضافات، گلگت بلتستان، کشمیر اور بلوچستان میں صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے موبائل اسپتالوں کے اجراء اور ملک میں جعلی ادویات کے خلاف صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون و مشاورت سے آپریشن کی ہدایات دی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈریپ میں دوا سازی کے شعبے میں جعلسازی کو سہولت کاری فراہم کرنے والے افسران کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جائے،دوا سازی کے شعبے میں تحقیق سے دوائوں کی برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان میں اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ڈریپ کے پالیسی بورڈ میں اچھی شہرت کے حامل متعلقہ تجربہ کار ماہرین کی میرٹ پر تعیناتی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نےیہ بھی ہدایت کی کہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو موثر و مضبوط بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو صحت و دوا سازی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں بنائی جانے والی ادویات کی ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹریشن کا نظام نفاذ کے حتمی مراحل میں ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قومی ادویات پالیسی پر مشاورت جاری ہے جسے جلد منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس کو ادویات کی جانچ کیلئے 94 نئے ڈرگ انسپکٹرز کی تعیناتی اور موجودہ 25 ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا گیا۔
وزیر اعظم نے نئے ڈرگ انسپکٹرز کی تعیناتی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سے ادویات کی موجودہ برآمدات کا حجم 500 ملین ڈالر ہے جبکہ وزارت صحت اصلاحات بشمول تحقیق کی سہولیات کی فراہمی سے برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔