اسلام آباد،19فروری(اے پی پی):وفاقی سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے، وزیر اعظم کے مشیر، رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کا انعقادہوا۔
اجلاس میں طارق فضل چودھری، وزارت خزانہ و اسلام آباد پولیس کے نمائندوں اور سرکاری ملازمین گرینڈ الائنس کے عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے عہدیداران نے تنخواہوں میں تفریق، پے اینڈ پینشن کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد سمیت دیگر مطالبات کمیٹی کو پیش کئے تھے۔ وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ جائزہ کمیٹی وفاقی معذور سرکاری ملازمین کے لئے مختص الاوئنس میں اضافے اور وفاقی سرکاری اساتذہ کے حالیہ کٹنے والے ٹیکس میں ریلیف کی بھی سفارش کرے گی۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ تنخواہوں میں تفریق کے خاتمے کے لئے ایک ضمنی کمیٹی کام رہی ہے۔ ضمنی کمیٹی تنخواہوں میں تفریق کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کا مالی تخمینہ لگا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی۔ ایم۔ ایف پروگرام کی وجہ سے حکومت کو تمام مطا لبات پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہےتاہم سرکاری ملازمین کو آئندہ آنے والے بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر بھی کام ہو رہا ہے اس کے علاوہ مسائل کے حل کے لئے قابل عمل تجاویز پر فوری عمل درآمد کیا جا رہا ہے ۔